مضبوط اقتصادی بنیاد کیلئے متحد ہوکر دار ادا کرنا ہوگا: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں معاشی استحکام لانا اور ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت مضبوط اقتصادی بنیاد کی ضرورت ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات اْنہوں نے گزشتہ رو زساہیوال چیمبرآف کامرس کے زیر اہتمام ہاکی سٹیڈیم میں لگائی میڈ ان ساہیوال ایکسپو 2023 میں مختلف صنعتوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کے دورے کے موقع پر کہی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت عوام کو اس مشکل وقت سے نکالنے کے لئے نبردآزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی طرح بزنس کمیونٹی اس مشکل گھڑی میں بھی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اجناس کی قدر میں اضافہ کرنا ہو، کاٹن سے کپڑا بناناہو یا جڑی بوٹیوں سے کوئی دوا وغیرہ بنانا ہو اسی سے معاشرتی ترقی ہوتی ہے جس کی جتنی بھی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تاجر برادری نہ صرف لوگوں کوروزگار فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ ٹیکس ادا کر کے ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار بھی ادا کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو صدر ساہیوال چیمبر کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔