پالتو بلی ساتھ لے جانے سے منع کرنے پر خاتون نے فلائٹ چھوڑ دی
رحیم یار خان (احسان الحق سے) ایئر پورٹ حکام کی جانب سے پالتو بلی کو جہاز میں لے جانے سے منع کرنے پر خاتون کا اپنے بیٹے سمیت پی آئی اے کی پرواز سے ملتان سے جدہ جانے سے انکار،ماں اور بیٹابورڈنگ پاس جاری ہونے کے باوجود جدہ جانے کی بجائے احتجاجاً واپس اپنے گھر رحیم یار خان پہنچ گئے،خاتون کا بلی کے بغیر سعودی عرب نہ جانے اور ایئر پورٹ حکام کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق عرصہ پندرہ سال سے سعودی عرب میں مقیم رحیم یارخان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون حمیرا شاہد 2 نومبر کو اپنے پندرہ سالہ بیٹے عبداللہ شاہد اور ایک خاص نسل سے تعلق رکھنے والی اپنی پالتو بلی کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز سے جدہ سے کراچی اور کراچی سے ملتان پہنچیں اور رحیم یار خان میں اپنے خاندان کے ہاں قیام کے بعد انہوں نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پی آئی اے کی پرواز نمبری پی کے739کے ذریعے اپنی پالتو بلی کے ہمراہ جب دوبارہ ملتان سے جدہ روانہ ہونا چاہا تو ایئر پورٹ حکام نے پالتو بلی کو جہاز میں سوار کرانے سے انکار کر دیا۔