الیکشن کمشن نے ملک بحران میں دھکیلا‘ صدر انتخاب کی تاریخ دیں یا استعفیٰ: شیخ رشید
اسلام آباد‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئینی طور پر عارف علوی انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار رکھتے ہیں۔ صدر مملکت کل الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفی دیں۔ سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اگر عمران خان چاہے گا تو 22تاریخ کو پہلی گرفتاری میں دوں گا۔ الیکشن کمیشن نے ملک کو بحران میں دھکیل کر عزت نہیں کمائی۔ صوبوں اور مرکز میں انتخابات اکٹھے ہوں گے۔ ملکی سیاست کا فیصلہ 30اپریل تک ہوجائے گا۔ 30اپریل سے پہلے اس ملک میں کوئی بڑا حادثہ ہوگیا تو مجھے ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔ میں چوروں اور ڈاکوئوں کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا۔ یہ مجھے کراچی لے جانا چاہتے ہیں، میں ارشد شریف نہیں شیخ رشید ہوں۔ ان کو 5روپے دینے کیلئے کوئی تیار نہیں۔ یہ زبردستی ترکی جاتے ہیں، آئی ایم ایف ان سے مطمئن نہیں ، ان کو پتہ ہے یہ چور ہیں، جہاں مرضی لے جائو میں تمہاری سیاست کو نیست ونابود کردوں گا۔ پاکستان کو اللہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے۔ نواز شریف کو بلائیں کس چیز کا انتظار ہے۔ یہ جرات کر کے بتائیں کس کی حکومت ہے اور انہیں کون لایا۔