کوئٹہ سے گرفتار خودکش بمبار خاتون کا شوہر‘ سسر بھی عسکریت پسند نکلے
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سیٹلائٹ ٹائون لیڈیز پارک سے گرفتار خودکش حملہ آور خاتون سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آگئے۔ ملزمہ کا شوہر اور سسر بھی بلوچ عسکریت پسندوں میں شامل ہیں۔ خودکش حملہ آور خاتون ماہل بلوچ کے شوہر بیباگار بلوچ عرف ندیم کا تعلق بھی بی ایل ایف (بلوچ لبریشن فرنٹ) کے عسکری ونگ سے جبکہ سسر ماسٹر محمد حسین کا تعلق بی این ایم کی مرکزی کمیٹی سے ہے۔ بیبگار بلوچ اور اس کا بھائی بی ایل ایف کمانڈروں کے قریب ترین ساتھیوں میں شامل ہیں۔ ملزمہ ماہل کی بہن کی شادی بھی ڈاکٹر اللہ نذر کے بھتیجے یوسف سے ہوئی جو بلوچ حقوق کی تنظیم کا چیئرمین ہے۔ ماہل کو استعمال کرکے زور دیا گیا کہ وہ بی ایل ایف کے عسکری ونگ کو سپورٹ کرے۔ ملزمہ کی سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیم بی ایل ایف نے ملزمہ ماہل کو بھی مسنگ پرسن بنانے کے متعلق گمراہ کن پراپیگنڈا کیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹویٹر پر بی ایل ایف کی ترجمان ویب سائٹ ’’دی بلوچستان پوسٹ‘‘ کے ہینڈل سے شائع ہونے والی تصویر اور اس پر بنایا گیا جھوٹا بیانیہ صرف دہشت گردوں کی جانب سے اپنا مکروہ چہرہ چھپانے کی ناکام کوشش تھی ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں خاتون خود کش بمبار کی گرفتاری کے بعد شرپسند عناصر ہواس باختہ ہو چکے ہیں اور بے بنیاد پراپیگنڈا کے تحت شرپسندوں نے ایک اور خاتون کو خود کش بمبار کی بھانجی کے طور پر پیش کر دیا۔