• news

پیر نقیب الرحمن کی زیرصدارت محفل معراج النبی‘ سفر معجزات کی عظیم داستان: پیر حسان


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) برصغیر پاک و ہند کی عظیم روحانی خانقاہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر انوار لاہور میں معراج النبی کے عظیم یوم مبارک پر ایک عظیم الشان محفل معراج النبی منعقد ہوئی جس کی صدارت عید گاہ شریف راولپنڈی کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور جس میں مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری تھے جبکہ محفل کی میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف پنجاب سید طاہر رضا بخاری اور صوبائی خطیب جامع مسجد حضرت داتا گنجؒ مفتی محمد رمضان سیالوی نے سر انجام دیے۔ اس محفل میں وفاقی وزیر فیصل کریم کنڈی اور ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت شہباز ظہیر‘ کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانان عظام جن میں محمد عامر فیاضی و دیگر اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے حضور نبی کریم کے اس عظیم معجزہ معراج النبی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے ارشاد فرمایا کہ پاک ہے وہ ذات جس نے اپنے بندہ خاص کو سیر کروائی رات کے مختصر حصے میں، حضور نبی رحمت کا سفر معراج شریف عظمت و رفعت اور معجزات و امتیازات کی ایک ایسی شاندار داستان ہے جو جمیع انبیاء و رسل علیہ السلام میں سے کسی اور کے حصے میں نہیں آئی ہے۔ محفلِ معراج النبی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وہ یہاں پر گورنر کی حیثیت سے نہیں بلکہ داتا صاحب کے سوالی اور فقیر بن کر حاضر ہوئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معراج النبی جیسا عظیم معجزہ صرف اور صرف ہمارے آقا و مولا کو عطا ہوا اور آپ کی غلامی و امت ہونے کے شرف پر جتنا بھی ناز کیا جائے وہ کم ہے۔ اس عظیم الشان معراج النبی محفل کا اختتام رات گئے درود وسلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن ِ عزیز کی سلامتی خوشحالی ترقی،افواجِ پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔
محفل معراج

ای پیپر-دی نیشن