نئی سکیم‘ برابر گیس استعمال کرنے پر غریب امیر سے 430 فیصد کم بل دے گا: مصدق ملک
اسلام آباد‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ/ نیوز رپورٹر) وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں گیس کی نئی سکیم سے گردشی قرضہ ختم کر دیا۔ گیس کی نئی سکیم کے تحت غریب اور امیر کے بل کا ٹیرف علیحدہ کر دیا گیا۔ برابر گیس استعمال کرنے پر غریب خاندان امیر کے مقابلے میں 430 فیصد کم بل دے گا۔ دریں اثناء لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا ہے کہ یہاں دو پاکستان بن چکے ہیں، امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین ہیں، روٹی چور کو سزا ملتی ہے، ہیرے جواہرات چوری کرنے والے کو پوچھا نہیں جاتا۔ معاشی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عمران خان قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نوازشریف کو نااہل کیا گیا۔ روٹی چوری کرنے والے کو سزا اور ہیرے جواہرات کے چور کو پوچھا نہیں جاتا۔ عمران خان لوگوں کے بچوں کو جیلوں میں جھونکنا چاہتے ہیں۔