حافظ آباد: 13 روز قبل اغوا ہونے والے 2 بچوں کی نعشیں جوہڑ سے برآمد
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد شہر کے محلہ حسن ٹائون میں دو معصوم بچوںکو مبینہ طورپر ظالمانہ طریقہ سے قتل کرکے انکی نعشوں کو قریبی جوہڑ میں پھینک دیا گیا۔ بچوںکی نعشیں 13روز بعد جوہڑ سے برآمد ہوئیں۔ علاقہ مکین پولیس کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ حافظ آباد کے محلہ حسن ٹائون سے تقریباً 13روز قبل نامعلوم ملزمان نے دو چچازاد بھائیوں 5سالہ ابوبکر اور 4سالہ فیضان کو اغوا کیا جس کی گمشدگی رپورٹ سٹی پولیس نے درج تو کی لیکن بچوں کو تلاش کرنے میں کوئی دلچسپی نہ دکھائی۔ جبکہ بچوں کے والدین اور عزیز واقارب خود ہی مساجد میں اعلانات کروانے کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں بچوںکی تصاویر کے ساتھ گمشدگی کے اشتہارات لگواتے رہے۔ گذشتہ روز دونوں بچوںکی نعشیں گھر کے قریب ایک جوہڑ سے برآمد ہوئیں تو علاقہ میںکہرام برپا ہونے کے ساتھ ساتھ خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔ ریسکیو کے عملہ نے دونوں بچوں کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بچوںکے قاتلوں کا فوری سراغ لگا کر انہیں گرفتارکیا جائے اور اس ضمن میں کوتاہی کے مرتکب پولیس افسران وملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب نگران وزیر اعلی پنجاب نے بچوںکی ظالمانہ ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے اس ضمن میں آئی جی پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔