اشتہاری ملزموں کی گرفتاری میں 1787 کمپلینٹ سنٹر کاکردار اہم ہے:عثمان انور
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی سہولت اور شکایات کے بلا تاخیر ازالے کیلئے 1787 کمپلینٹ سنٹر کو ہفتے کے ساتوں روز فعال کر دیا ہے اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کمپلینٹ سنٹر میں شکایات کی خود سنیں۔ شہریوں اور میڈیا نمائندگان کے نام جاری پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی ورکنگ کو موثر سپرویژن اور کلوز فالو اپ سے بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے اور شہریوں کی درج کروائی گئی چوری اور ڈکیتی کی سات ہزار سے زائد پرانی درخواستوں پر بھی مقدمات کا اندراج کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ان مقدمات پر نئے واقعات کی طرز پر تیز ترین کارروائی کرکے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ شہریوں کی باقی ماندہ 7000 شکایات میں سے تقریباََ ساڑھے پانچ ہزار پر فیصلہ ہو گیا ہے جبکہ بقیہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بھی 1787 کمپلینٹ سنٹر فعال کردار ادا کر رہا ہے اور مقدمات کے مدعیوں کے ساتھ رابطوں میں تیزی لائی گئی ہے ۔