پتنگ بازی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں:بلال صدیق
لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے خصوصی ٹیموں کو پتنگ بازی کے خونی کھیل میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے حکم دیا ہے کہ پتنگ بازوں، دھاتی ڈور،پتنگیں مینوفیکچر کرنے اور خرید و فروخت میں ملوث افراد کی بلا امتیاز گرفتاری عمل میں لائی جائے۔انہوں نے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے آن لائن پتنگیں اور دھاتی ڈور فروخت اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر819 ملزمان گرفتار کرکے متعلقہ پولیس سٹیشنز میں 814 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضے سے 5961 پتنگیں، 1043ڈور چرخیاں اور پتنگیں بنانے کا سامان برامد کیا گیا۔رواں ماہ اب تک پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف وزری پر 436 ملزمان گرفتار جبکہ 2468 پتنگیں اور 525 چرخیاں ڈور برآمد کی گئیں۔سٹی ڈویژن پولیس نے 109، کینٹ ڈویژن 95،ماڈل ٹاؤن 92،اقبال ٹاؤن 79، سول لائنز 32 جبکہ صدر ڈویژن پولیس نے29 ملزمان گرفتار کئے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ،سول سوسائٹی اور والدین کے ساتھ مل کر پتنگ بازی کے خونی کھیل کے خلاف مؤثر مہم چلائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے مذید کہا کہ ہفتہ اور تعطیل کے علاوہ رات اور علی الصبح کے اوقات میں پتنگ بازی روکنے کے لیے خصوصی انسداد پتنگ بازی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور مساجد کے ذریعے اعلانات کروا کر لوگوں کو آگاہی فراہم کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پتنگ فروشی، مینوفیکچرنگ اور پتنگ بازی کرنے والوں کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں اور انہیں کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔