الیکشن کمشن کی اپیل منظور، سماعت آج، پی ٹی آئی کو نوٹس جاری
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل ڈویثرن بنچ نے الیکشن کرانے کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیل پر تحریک انصاف کو آج کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔ اپیل میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا۔ اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سنگل بینچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا ہے۔ قانون کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے صدر پاکستان کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ دینے کیلئے حکم جاری کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمشن کی الیکشن کی تاریخ دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل آج لگی ہوئی ہے۔ اب ڈویژن بنچ ہی الیکشن کی تاریخ دینے کے معاملے پر فیصلہ کرے گا۔