پنجاب، خیبر پی کے میں انتخابات سابق ارکان اسمبلی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انصاف کے پنجاب اور خیبر پی کے سابقہ ارکان اسمبلی نے انتخابات کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہوئے 34 دن جبکہ خیبر پی کے کی اسمبلی کو تحلیل ہوئے 30 دن گزر چکے ہیں لیکن تاحال الیکشن کمشن اور متعلقہ صوبوں کے گورنرز کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ جس سے درخواست گزاروں کے آئین کے آرٹیکل 17 میں دیئے گئے آئینی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، درخواست گزاروں، صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر اور ارکان ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت ملک میں شفاف، آزاد انتخابات کروانا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔ صدر مملکت کو بھی فریق بنایا گیا جو کہ آئین کے تحت بطور آئینی سربراہ انتخابات میں اہم کردار رکھتے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ الیکشن کمشن آف پاکستا ن اور گورنرز کو 90 دنوں کے اندر انتخابات کروانے کا حکم دے۔