پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی تباہی کے نشان ہیں: سراج الحق
لاہور، بھلوال (نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار) مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں کلمے اور خلافت کا نظام لانا چاہتی ہے ہر ایک کو روٹی کپڑا اور مکان ملے اس ملک پر امریکن کی بجائے اللہ اور اس کے غلاموں کی حکومت ہو، وہ بھلوال میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان موجود تھے۔ مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی 98 ملین ایکڑ بنجر زمین آباد کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک میں گندم کا بحران پیدا نہ ہو، نہ ہی پیاز، ٹماٹر اور آلو کیلئے انڈیا کا محتاج بننا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں 23کروڑ پاکستانی آٹے کیلئے ٹرک کی لائن میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 170ارب کے ٹیکس لگا کر عوام کو نچوڑا جا رہا ہے۔ 170ارب کیلئے آئی ایم ایف کے حوالے پوری قوم کو کر دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف امریکہ کی ایجنٹ ہے۔ 1947ء سے قبل بھی انگریز فیصلے کر رہے تھے اور آج بھی حکمرانوں نے پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف 18سیاستدانوں کے اثاثے 3ہزار 8سو 81ارب روپے ہیں لیکن انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ ان چند لوگوں نے پاکستان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ باجوہ نے سب جماعتوں کی گردن پر پاؤں رکھ کر ایکسٹینشن کیلئے دباؤ ڈالا صرف جماعت اسلامی نے ساتھ دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سو سال تک بھی حکومت رہے تب بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کہتی ہے جب تک میرے والد کی حکومت نہیں ہوگی، اس وقت تک ہماری حکومت نہیں ہے۔ بلاول بھٹو جب سے وزیر خارجہ بنے سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پنجاب میں اکثریت تھی پھر بھی اسمبلی توڑ کر اب الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی تباہی کے نشان ہیں۔ کرپٹ ٹرائیکا چاہتا ہے کہ ہمیں ایک اور چانس ملے تاکہ پاکستان ملک قبرستان بن جائے ملک کو بچانا ہے تو تینوں سے جان چھڑانا ہو گئی۔