نواز شریف اس وقت آئیں گے جب ثاقب نثار کٹہرے میں ہونگے: کیپٹن (ر) صفدر
لاہور (خبرنگار) جوڈیشل عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے الزام میں درج مقدمے میں مصدق عباسی کو بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ضیاء القمرکی عدالت میں کیپٹن صفدر اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہو ئے اور موقف اختیار کیا کہ میرے کیس کو چار سال ہوگئے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی حد تک کیس علیحدہ کر دیں، پروسیکیوشن کو سن کر فیصلہ سنا دیں گے۔ عدالت نے مصدق عباسی کو بطور گواہ طلب کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر تے ہوئے کہا کہ عدالت 2 بجے فیصلہ سنائے گی۔ کیپٹن ر صفدر کی جانب سے مصدق عباسی کو بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف کیس سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی گئی۔ صفدر نے کہا ہے اس ملک کو نواز شریف کی ضرورت ہے تو نواز شریف کو بھیجا کیوں تھا، ان کو نیب حراست کے دوران زہر دیا گیا اس کی تحقیقات کون کرے گا، نواز شریف اس دن آئیں گے جس دن ثاقب نثار کسی عدالتی کٹہرے میں کھڑا ہو گا، کچہری میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔