معیشت کی بہتری کیلئے اہم اور سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہیں: احسن اقبال
لاہور؍ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک اس وقت نامساجد حالات سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کو اس وقت خراب معاشی حالات کا سامنا ہے۔ ہماری حکومت ملک کو ان حالات سے نکالنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ 2018ء میں پاکستان میں سرمایہ کاری ہو رہی تھی جبکہ سی پیک کی وجہ سے پوری دنیا پاکستان کو اہمیت دے رہی تھی مگر پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ترقی کا عمل رک گیا۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وہ پیر کو انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں ائر لنک کمپنی کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دوست ممالک ناراض ہوئے۔ جبکہ پی ٹی آئی کی غلط معاشی و اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری رک گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے برآمدات کو فروغ دینا ہوگا۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ہمیں معیشت کی بہتری کیلئے بیرونی قرضوں سے جان چھڑوانی ہوگی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔ ملکی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ ڈیفالٹ کی حد تک پہنچنے والے ملک کو ہماری حکومت بہتری کی طرف لے جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران مستقل نہیں ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ایک سے دو سال کا عرصہ درکار ہوگا۔ آج ہم معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے اہم اور سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس آئی ایم ایف معاہدے کے تحت ہو رہا ہے جو اس سے پہلی حکومت کر گئی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات جونہی آنا شروع ہو نگے تو سب سے پہلے بجٹ خسارے پر قابو پائیں گے۔ تب سب دیکھیں گے کہ ہماری معیشت بھی بحال ہو گی اور زر مبادلہ کے ذخائر بھی بڑھیں گے۔ میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ خواجہ آصف نے جو ڈیفالٹ کے حوالے بات کی ہے وہ ایک علامتی بات ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچائیں گے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد میں غیر سرکاری تنظیموں اور نجی اداروں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت زلزلہ متاثرین کے لیے سامان کی ترسیل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ این ڈی ایم اے میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک کی ان مشکل گھڑیوں میں پاکستان کے امدادی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترکیہ و شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے سامان کی ترسیل جلد اور آسان بنائی جائے۔