• news

شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں پی ٹی آئی کی مہنگائی کیخلاف ، ملک بچاؤ ریلیاں 


شیخوپورہ، سمندری، گوجرہ (نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) پی ٹی آئی نے شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں ملک بچاؤ اور مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالیں۔ امپورٹڈ سرکار نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ ملک دیوالیہ کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر پی ٹی آئی عارف خان نے مہنگائی کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عارف خان نے کہا کہ اگر عمران خان نے جیل بھرو تحریک کی کال دی تو ضلع نارووال سے سب سے پہلے عارف خان گرفتاری پیش کرے گا۔ حکومت نے خوشحال کو بدحال ملک بنا دیا۔ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی۔ آج مہنگائی نے غریبوں کو دو وقت کے نوالے سے محروم کردیا ہے۔ گوجرہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ظالم حکمرانوں نے عوام کا عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ ملک کنگال ہو گیا۔ مگر عوام کرپٹ امپورٹڈ حکمرانوں کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیدوار حلقہ این اے105اسامہ حمزہ، امیدوار حلقہ پی پی 119 چوہدری احسن احسان اور حلقہ پی پی 118اسد زمان چیمہ نے کپتان عمران خان کی کال ’’الیکشن کرائو اور ملک بچائو‘‘ نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کر تے ہو ئے صرافہ بازار چوک میں کیا۔ سمندری سے نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف حلقہ پی پی 103 کی جانب سے چوہدری فاروق ارشد، رہنما پی ٹی آئی پی پی 103کی قیادت میں، الیکشن کرائو ملک بچائو، ریلی نکالی گئی جس کا آغاز انصاف ہائوس کھدر والا سے کیا گیا۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 143 رانا وحید احمد خاں کی قیادت میں مہنگائی، حکومتی پالیسیوں اور الیکشن کرائو، ملک بچائو ریلی نکالی گئی جو سچاسوداسے شروع ہوکر چوک پھلروان، صفدرآباد ، خانقاہ ڈوگراں سے ہوتی ہوئی سچاسودا پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ سینکڑوںگاڑیوں پر ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ ٹک ٹاکر اختر لاوا بھی ریلی میں پہنچ گئے جنہوں نے تحریک انصاف کا مفلر پہن رکھا تھا جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد نے کفن پہن کر موجودہ بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین بلدیہ خالد محمود بھٹی، اظہر محمود کلیال، سابق یوسی چیئرمین شبیر حسین چوہان، گلبہار خان، محمد عارف انصاری، حاجی محمد یاسین سینا راجپوت، حاجی محمد سرور بھولا، نکے خان، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی رانا محمد سعید، رانا فیاض احمد خان سمیت سابق یوسی چیئرمینوں، وائس چیئر مینوں، کونسلر ز سمیت معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ رانا وحید نے کہا کہ ملک کو مسائل اور بحرانوں سے نکالنے والوںکی نااہلی کی بدولت ملک ڈیفالٹ کی طرف چلا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن