عمران کا جے آئی ٹی رپورٹ کے صفحات غائب کرنے کا الزام بے بنیاد: عامر میر
لاہور (نیوز رپورٹر) عمران خان کی جانب سے نگران پنجاب حکومت پر جے آئی ٹی رپورٹ کے صفحات غائب کرنے سے متعلق الزامات لغو اور بے بنیاد ہیں۔ نگرا ن حکومت آئین اور قانون پر سختی سے کاربند ہے۔ عمران خان حملہ کیس میں سابق حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی نے ابھی تک تفتیش کا کوئی بھی ریکارڈ محکمہ داخلہ پنجاب یا آئی جی پنجاب کو جمع نہیں کروایا لہٰذا رپورٹ کے صفحات غائب کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اگر سابق پنجاب حکومت نے کہیں کوئی رپورٹ جمع کروائی بھی ہو تو اس کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ بات نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے وزیر آباد حملہ کیس کی جے آئی ٹی تحقیقات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی اور عمران خان کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ کے اوراق غائب کرنے کا الزام ہمیشہ کی طرح بے بنیاد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ گزشتہ دور میں عمران خان حملہ کیس کے حوالے سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی ختم کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے اور موجودہ پنجاب کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے جو جے آئی ٹی تشکیل دی تھی وہی اس کیس کی تفتیش کرے گی کیونکہ ایک ہی واقعہ پر دو الگ الگ جے آئی ٹیز تشکیل دینے کا کوئی جواز نہیں۔ جیل بھروتحریک کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ حکومت خان صاحب کی خواہش کا احترام کرتی ہے اور ان کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ گرفتاریوں کے لئے روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کی تعداد اور مقام کے حوالے سے مقامی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ پرامن طریقے سے یہ کام کیا جا سکے۔