بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، خواجہ سراؤں کی مالی امداد شروع کر دی ہے: شازیہ مری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان کے پسے ہوئے اور پسماندہ طبقے خاص طور پر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو جومسائل درپیش ہیں ان میں مالی مسائل، عوام میں آگاہی اور معاشرے میں قبولیت کا مسئلہ سرفہرست ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ شازیہ مری نے پاکستانی معاشرہ کے اس پسماندہ اور کمزور طبقے کی فلاح وبہبود میں پائیدار ترقی کی پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے سماجی و اقتصادی تعاون کو سراہا۔ انہوں نے تشویش کے ساتھ نوٹ کیا کہ پاکستان میں اب بھی ایسے علاقے ہیں جہاں خواجہ سراؤں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ بی آئی ایس پی نے خواجہ سراؤں کی مالی امداد نقد رقم کی تقسیم کے ذریعے شروع کر دی ہے۔ خواجہ سرا اب 7000روپے کی سہ ماہی امداد کے اہل ہیں ۔