• news

برسراقتدار رہنے والی جماعتوں کے اثاثوں سے مہنگائی کم کی جائے: سنی کانفرنس

لاہور (نامہ نگار خصوصی) مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں ’’آل پاکستان سنی کانفرنس‘‘ کا انعقاد تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام کیا گیا۔ آل پاکستان سنی کانفرنس کا اعلامیہ تحریک لبیک یارسول اﷲ ؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پیش کیا۔ اس دوران فضا تکبیر و رسالت‘ ’’لبیک یارسول اﷲ ؐ ‘‘ ’’تاجدار ختم نبوتؐ زندہ باد‘‘ اور ’’تاجدار ختم معصومیت زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اعلامیہ کے اہم نکات میں استحکام پاکستان کے لئے اہل سنت کا منظم اور متحد ہونا ضروری ہے۔ عقائد اہل سنت اور حقوق اہل سنت پر کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سنی اوقاف علیحدہ کیا جائے اور مزارات کی آمدنی سنی مصارف پر خرچ کی جائے۔ پچیس سال سے شامل اقتدار جماعتوں کے اثاثوں سے مہنگائی کی شرح کم کی جائے۔ ناموس اہل بیت و صحابہؓ بل کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔ قادیانیوں کی اسلام اور پاکستان دشمن سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے۔ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کی جائے، شامل ہیں۔ مفتی اعظم بلوچستان مفتی محمد حبیب احمد نقشبندی‘ پیر طریقت خواجہ محمد افتخار الحسن سواگی‘ پیر طریقت ڈاکٹر میاں صغیر احمد مجددی‘ پیر مفتی محمد تنویر احمد کوٹلوی‘ پیر محمد اقبال ربانی ہمدمی‘ مفتی غفران محمود سیالوی‘ صاحبزادہ پیر امین اﷲ نبیل سیالوی‘ شیخ الحدیث مفتی محمد سعید قمر سیالوی‘ قاری محمد زوار بہادر‘ مفتی محمد بشیر القادری‘ شیخ الحدیث مفتی محمد لطف اﷲ بصیر پوری‘ شیخ الحدیث مفتی محمد عمر حیات باروی‘ پیر سید ظفر شاہ بنوری‘ پیر سید مزمل شاہ بخاری‘ پیر سید بہادر شاہ بلا نوشی‘ پیر سید تبسم شاہ بخاری‘ پیر سید عامر سلطان شاہ‘ پیر سید عارف شاہ‘ علامہ محمد ثمر عباس قادری‘ شیخ الحدیث مفتی محمد عبدالقادر صدیقی‘ علامہ محمد مختار علی حیدری‘ مفتی یعقوب رضوی‘ غازی احمد شیر نیازی‘ مفتی محمد وقار مدنی‘ مفتی محمد اسحاق جلالی‘ پیر محمد اسحاق الوری‘ مفتی محمد بشیر احمد فردوسی‘ علامہ اویس مرتضیٰ نوری‘ مولانا شاداب رضا قادری‘ شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد جلالی‘ ڈاکٹر محمد عبدالقدوس خان‘ مفتی محمد عثمان اختر جلالی نے اعلامیہ کی حمایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن