پی ایس ایل کی کامیابی کیلئے پی سی بی کاساتھ دینگے: ابراہیم حسن
لاہور(خبرنگار)نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے پیر کے روزچیئر مین پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کی جہاں وزیر مواصلات پنجاب بلال افضل اور وزیر ہائر ایجوکیشن منصور قادر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ایک اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لیے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ابراہیم حسن مرادنے چیئرمین پی سی بی کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے لیے پی سی بی کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پی ایس ایل کی کامیابی کے لیے باقاعدہ وزارتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو پی سی بی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے گی۔ وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔