ڈپٹی کمشنرحافظ آباد نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، صفائی کے انتظامات کا جائزہ
`
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عمر فارو ق وڑائچ نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مبار ک کالونی،حسن ٹائون ،علی پور روڈ،جگانوالہ روڈ،قبرستان روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر منور حسین،سی او ضلع کونسل ملک محمد منشاء سمیت میونسپل کمیٹی کے افسران اور سینٹری سٹاف بھی انکے ہمرا ہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مبارک کالونی اور حسن ٹائون کی صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سیوریج کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے ایم سی افسران اور سینٹری سٹاف کو ہدایت کی کہ تمام ضروری مشینری اور سینٹری ورکرز کو لگا کر نکاسی آپ کا بندوبست کیا جائے۔اس موقع پر سابق ناظم چودھری ا مجد پرویز چٹھہ سمیت دیگر علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر کو کئی روز سے سیوریج کی ابتر صورتحال اور صفائی کے ناقص انتظامات بارے آگاہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے علی پور روڈ فلتھ ڈپو کی مکمل صفائی اور جگانوالہ روڈ کے نکاسی آب کا مسلہ حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔