• news

 پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کوفروغ حاصل ہورہاہے، جاپان قونصل جنرل


کراچی ( کامرس رپورٹر )جاپان کی حکومت نے جاپان اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت، دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے پر معروف بزنس مین اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے صدر کلیم فاروقی کو جاپان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’ دی رائزنگ سن وتھ نیک ربن‘‘ سے نوازا گیا۔کراچی میں تعینات جاپان کے قونصل جنرل اوداگیری توشیو نے اپنی رہائشگاہ پر سادہ مگر پْروقار تقریب میں کلیم فاروقی کو ایوارڈ پیش کیا۔قونصل جنرل نے پاکستان کو جاپان کا اہم دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کو بتدریج فروغ حاصل ہورہاہے اس حوالے سے کلیم فاروقی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔قونصل جنرل نے کلیم فاروقی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تاجر برادری کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔پاکستان جاپان بزنس فورم کے صدر کلیم فاروقی نے حکومت جاپان کی جانب سے ایوارڈ دینے پر قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ن کا مقصد پاکستان اورجاپان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قونصلیٹ جنرل اور جاپانی کمپنیوں کے تعاون سے کام جاری رکھنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن