• news

 راولپنڈی چیمبر میں اے آئی ای آر ڈی کے اشتراک سے علاقائی  رابطہ تجارتی ڈیسک قائم 


راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں اے آئی ای آر ڈی کے اشتراک سے علاقائی رابطہ تجارتی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، تجارتی ڈیسک کا مقصد آذربائیجان اور وسطی ایشیا ء کے پانچ ملکوں قزاخستان، کرغستان، تاجکستا ن، ترکمانستان اور ازبکستان میں تجارت کے فروغ، نیٹ ورکنگ، بی ٹوبی اور چیمبر آف کامرس کے درمیان رابطوں کے لیے معلومات فراہم کرنا ہے، ڈیسک کی افتتاحی تقریب میں ڈین ایمبیسڈر ترکمانستان کے سفیر اتدجان مولوموف، آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف، قزاخستان کے سفیر یرزان کسٹافن، تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ نصرالدین، کرغستان کے سفیر اولنبیک توتویوف اور ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر صدر چیمبر ثاقب رفیق، گروپ لیڈر سہیل الطاف، چیئرمین ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سویلائزیشن ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ زاہد لطیف خان، ہری پور چیمبر کے صدر طیب سواتی، آرسی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔اس موقع پر مقررین اور سفیروں نے اپنے خطاب میں آذربائیجان اور وسطی ایشیا ء کے پانچ ملکوں میں تجارت و سرمایا کاری مواقع، سیاحت، مذہبی مقامات کی سیر، انرجی اورفارما کے شعبوں میں تجارتی رابطوں کے فروغ پر اظہار خیال کیا، ادائیگیوں کے نظام اور ویزوں کے اجراء کا طریقہ کار آسان بنانے اور براہ راست پروازوں پر بھی زور دیا گیا۔ بعد میں سفیروں نے ٹریڈ ڈیسک کا معائنہ کیا جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن