• news

 سرفراز نوا ز نجم سیٹھی سے غیر مشروط معافی مانگنے پر تیار


لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے غیر مشروط معافی مانگنے پر تیار ہوگئے ہیں۔ لندن میں مقیم 74 سالہ سابق فاسٹ بولر جو ان دنوں صاحب فراش ہیں نے نجم سیٹھی کے نام خط میں واضح کیا ہے کہ وہ عدالت میں معافی نامہ لکھ کر دینے کو آمادہ ہیں۔ اس سلسلے میں ان کے وکیل نعیم بخاری کرکٹ بورڈ آکر پی سی بی وکیل کے ساتھ مل کر معاملہ ختم کرنے کیلئے کسی بھی وقت آسکتے ہیں۔ سرفراز نواز کی دائیں ٹانگ کا چند روز پہلے آپریشن ہوا جبکہ دوسری ٹانگ کا آپریشن ایک ماہ بعد ہوگا۔ پی سی بی نے عرصہ دراز سے سرفراز نواز کی پلیئرز ویلفیئر پالیسی کی پینشن روک رکھی ہے۔ ماضی میں سرفراز نواز نے نجم سیٹھی پر غداری اور میچ فکسرز کی سرپرستی جیسے سنگین الزامات لگائے تھے۔ حال ہی میں نجم سیٹھی نے پینشن کی بحالی کو سرفراز نواز کی عدالت میں معافی سے مشروط کیا تھا۔ چند ماہ قبل، سابق سربراہ کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پینشن میں تینوں کیٹیگریز کیلئے ایک ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا تھا۔ 10 ٹیسٹ سے کم کھیلنے والوں کو ایک لاکھ 42 ہزار، 11 سے 20 ہزار ٹیسٹ والوں کو ایک لاکھ 48 ہزار جبکہ اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹرز کو ایک لاکھ 54 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔ سرفراز نواز نے بھی بار ہا اپنی پینشن بحالی کی اپیل کر رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن