ہر وقت 90روز میں انتخابات کرانے پر تیار لیکن آئین میں کہیں نہیں لکھا تا ریخ بھی دینگے : الیکشن کمشن
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ادرہ آئین اور قانون کے مطابق بغیر کسی دبائو کے فیصلہ کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ جبکہ الیکشن کمشن ہر وقت آئین اور قانون کے تحت 90دن میں الیکشن کروانے کے لئے تیار رہتا ہے مگر آئین اور قانون میں کہیں بھی نہیں لکھا کہ الیکشن کی تاریخ کمشن دے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہوا۔ جس میں معزز ممبران الیکشن کمشن بھی شریک ہوئے۔ مجاز اتھارٹی کی طرف سے تاریخ مقرر کرنے کے بعد کمشن فوراً الیکشن شیڈول دے کر الیکشن کرانے کا پابند ہے۔ صدر مملکت کی طرف سے تاریخ مقرر کرنے کے بعد کمشن کی میٹنگ میں اس پر تفیصلاً غور کیا گیا اور اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر قانونی ماہرین سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کو کل مورخہ 22فروری 2023ء کے لئے دعوت دی گئی ہے۔ اور مشاورت کے لئے دو آئینی / قانونی ماہرین کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔الیکشن کمشن اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صدر کے اقدام کی آئینی اور قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمشن نے آج اٹارنی جنرل اور سینئر آئینی ماہرین سے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے اٹارنی جنرل کو مشاورت کی دعوت دیدی گئی ہے۔