چینی ناظم الامور کی ملاقات، اسحاق ڈار نے معیشت کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے چینی قیادت کی حمایت کو سراہا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقتصادی اقدامات سے آگاہ کیا۔ پینگ چنکسو نے حکومت کی جانب سے معاشی اور مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے کیے گئے پالیسی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چینی حکومت کی پاکستان کو مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور مزید کہا کہ چین کی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ اسحاق ڈا ر سے میسرز روتھشیلڈ اینڈ کمپنی کے ایک وفد جس میں ایرک لالو، پارٹنر اور تھیباؤڈ فورکیڈ، منیجنگ ڈائریکٹر شامل تھے، نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وفد کا خیر مقدم کیا اور ملک کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت ملکی معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کر رہی ہے۔ روتھشیڈ کے وفد نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کو فراہم کی جانے والی اس کی مالیاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔