معاشی مسائل سے نکلنے کی حکمت عملی ہے، ڈیفالٹ نہیں کرینگے: عائشہ غوث
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس معاشی مسائل سے نکلنے کی حکمت عملی ہے لہٰذا پاکستان نے ڈیفالٹ کیا نہ کرے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور اب تک کوئی ایسی ذمہ داری نہیں جو پاکستان نے پوری نہ کی۔ آئی ایف سے بات چیت حتمی مراحل میں ہے جو مثبت انداز میں مکمل ہو جائے گی۔ عوام دیوالیہ ہونے کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں، پاکستان نے آئی ایم ایف کے کہنے پر تمام پیشگی اقدامات کر لیے ہیں۔ پارلیمنٹ نے 170 ارب روپے کا منی بجٹ پاس کر لیا جس کے نوٹیفکیشن بھی جاری ہیں۔ امیر طبقے کو حاصل سبسڈیز ختم کی جا رہی ہیں۔ زیادہ بجلی اور گیس کا استعمال کرنے والوں کے لیے ٹیرف بڑھایا گیا ہے۔ بجلی اور گیس کی سبسڈی صرف غریب طبقات کے لیے ہو گی۔ پاکستان کی معاشی مشکلات کی ایک وجہ بین الاقوامی حالات بھی ہیں، بہت جلد معاشی استحکام بحال ہو جائے گا۔