اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2، سونا 500 روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر) ڈالر کی قدر میں گزشتہ روز اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ انٹربنک تبادلہ مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 63 پیسے مہنگا ہو کر 262.51 روپے پر بند ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 266 سے بڑھ کر 268 روپے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوا ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں گزشتہ روز 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونے کا بھاؤ 500 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 97 ہزار روپے ہو گیا۔ 10 گرام سونا 429 روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ 68 ہزار 896 روپے کا ہو گیا ہے۔ جبکہ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 12 ڈالر کم ہو کر 1832 ڈالر فی اونس ہے۔