• news

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی پہلی برسی کل منائی جائے گی 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک کی پہلی  برسی  کل  23 فروری بروز جمعرات کو ان کے گھر اسلام آباد میں  منائی جائے گی۔ مرحوم کے صاحبزادوں علی رحمان ملک اور عمر رحمان ملک اور بھائی خالد ملک نے دوست احباب، عزیز و اقارب سے برسی میں شرکت، دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی درخواست کی ہے۔ سینیٹر رحمان ملک 12 دسمبر 1951ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جامعہ کراچی سے ایم ایس سی شماریات کی ڈگری حاصل کی اور بطور سرکاری افسر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سمیت اہم عہدوں پر فائز رہے اور سروس کے دوران ان کی بہادری پر حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ شجاعت سے نوازا۔ سینیٹر رحمان ملک شہید بے نظیر بھٹو کے بااعتماد اور وفادار ساتھیوں میں سے تھے اور جب  پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کے درمیان میثاق جمہوریت کا تاریخی معاہدہ لندن میں رحمن ملک  کے گھر پر ہوا جس میں انہوں نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے  دھشتگردی کے خلاف اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی اور پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ حکومت پاکستان نے انہیں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر نشان امتیاز سے بھی نوازا جبکہ جامعہ کراچی نے انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا تھا۔ رحمان  ملک چھ کتابوں کے مصنف تھے جن میں مودی وار ڈاکٹرائن، بلڈنگ کشمیر، آئی ایس آئی ایس دی رائزنگ مونسٹر، ٹاپ 100 انویسٹی گیشنز اور کرونا وائرس پر ایک کتاب شامل ہیں۔ مرحوم رحمن ملک نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا اور مرتے دم تک پیپلز پارٹی اور ملک کے وفادار رہے۔

ای پیپر-دی نیشن