ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے تقرری کے خلاف درخواست پر سرکاری وکیل آج ہائیکورٹ طلب
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی تقرری کے خلاف درخواست پر ہوئے سرکاری وکیل کوآج طلب کرلیا۔ شاہ محمود قریشی اسد عمر و دیگران نے ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی تقرری کو چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس پوسٹ پر سہیل ظفر چٹھہ کو سیاسی بنیادوں پر تقرر کر دیا گیا جبکہ ڈی جی کی پوسٹ پر گریڈ بائیس کے افسر کو لگایا جاتا ہے اور سہیل ظفر چٹھہ گریڈ انیس کے افسر ہیں۔ ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن گورنر پنجاب نے قانون کے برخلاف جاری کیا ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پنجاب بھر میں ڈی سی، ڈی پی اوز سے لیکر اہم محکموں کے سربراہان کے من پسند تبادلے کئے جا رہے ہیں۔ نگران حکومت کا کام ملک اور صوبوں میں عام انتخابات کرانا اور حلقہ بندیاں کرانا ہے، آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔