شیخوپورہ، ساہیوال، ٹوبہ: پی ٹی آئی کی مہنگائی کے خلاف ریلیاں، شکر گڑھ میں 75 کارکنوں پر مقدمہ
شیخوپورہ، ساہیوال، شکرگڑھ، ٹوبہ (نامہ نگاران) مہنگائی کے خلاف متعدد شہروں میں پی ٹی آئی نے ریلیاں نکالیں۔ نارووال میں ضلعی صدر عارف خان ، 35 نامزد پی ٹی آئی کارکنوں سمیت 75 کے خلاف پولیس کی مدعیت میں ساؤنڈ سسٹم ایکٹ، راستہ روکنے اور دیگر دفعات کا مقدمہ تھانہ نورکوٹ میں درج کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ضلع نارووال کے صدر عارف خان کی قیادت میں کرتارپور سے نورکوٹ تک سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہزاروں شرکاء نے منہگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی تھی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریلی کی قیادت تحریک انصاف یوتھ ونگ کے ضلعی صدر چوہدری عرفان جٹ نے کی، جبکہ ریلی میں تحریک انصاف اوورسیز متحدہ عرب امارات کے کوآرڈی نیٹر محمد شبیر اعوان، افتخار کسانہ، ساجد علی نمبردار، رانا ذوالفقار علی خاں سمیت دیگر رہنمائوں اور مرد و خواتین شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی شہباز چوک سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ساہیوال میں تحریک انصاف کے کارکنان نے ’الیکشن کرائو ملک بچائو‘ ریلی پاکپتن چوک سے نکالی جو صدر چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں میاں نوید اسلم، سید رضوان مظفر شاہ اور دیگر پارٹی عہدیداران وکارکنوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق معاون خصوصی پی ٹی آئی یوتھ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور حلقہ پی پی 140کے امیدوار چوہدری کاشف معراج گجر نے پارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر اور ٹکٹ ہولڈر چوہدری معراج خالد گجر کے ہمراہ کوٹ رنجیت گجر پٹرولیم سے مہنگائی کے خلاف، الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم اور عمران خان سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی، ریلی بتی چوک سے ہوتی ہوئی جناح پارک چوک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کا درجنوں مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ریلی میں، میاں افضال حیدر، عاشر عظیم یزدانی، محمد ابوبکر بھٹی، عدیل گجر، زین ڈوگر، امان اللہ گجر، عثمان معراج گجر ایڈووکیٹ و دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔