• news

امجد اسلام امجد کتاب نما آدمی تھے: مجیب الرحمن شامی


 لاہور(خصوصی نامہ نگار)الامین اکیڈمی شاد مان لاہور کے زیر اہتمام امجد اسلام امجد مرحوم کے تعزیتی ریفرنس کا انعقادکیاگیا۔ صدارتی گفتگو میں سنیئر صحا فی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ امجد اسلام امجد نے شاعری ،نثر نگار،ڈرامہ نگار اورفلم نگار کے طور پر کام کر کے ہمیشہ کے لئے اپنے آپ کو زندہ کر لیا۔ پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی صدر الامین اکیڈمی نے کہا کہ امجد اسلام امجد کتاب نما آدمی تھے ،غریبوں کے مسائل کو الفاظ کی مالامیں پرونے کے ماہر تھے ،انہوں نے کہا کہ ہم امجد اسلام امجد کے نام سے منسوب الامین اکیڈمی میں ہر سال دو اسکالرشپ دینے کا اعلان کرتے ہے۔سنیئرصحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ امجد اسلام امجد سے تعلق کئی سالوں پر محیط تھا ہم نے ہمیشہ ان سے سیکھا اورچھوٹوں سے اس انداز میں بات کرتے تھے جیسے ایک ہمدرد دوسرے کو رہنمائی دیتاہے۔سنیئر صحافی سجاد میر نے کہا کہ امجد اسلام امجد سے دوستی جوانی میں قائم ہوئی جو آخری دم تک قائم رہی ،امجد اسلام امجد کے صاحبزادے علی ذیشان امجد نے کہا کہ والد گرامی نے ہمیشہ ہمیں اچھا انسان اور بہترین پاکستانی بننے کا درس دیا۔مجھے ان کا بیٹا ہونے پر فخر ہے۔صحافی توفیق بٹ نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی زندگی کھلی کتاب کی مانند تھی ادب کے قرینے ہم نے ان سے سیکھے، طالب علمی دور سے محبت کا تعلق شروع ہوا جووقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا چلا گیا۔ سیکرٹیری اوقاف سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ان کی شاعری میں جہاں عشق ومحبت تھی وہی پر خلوص کی ندیاں بھی بہانے پر زور دیتے تھے۔ شاعرسعود عثمانی نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی تحریروں سے نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہیے۔اطہر حسن اعوان نے کہا کہ امجد اسلام امجد کا میرے والد محترم عبدالقادر حسن کے ساتھ گہرا قلبی تعلق تھاہم اسی تعلق کو نبھانے کیلئے ہمیشہ سرتسلیم خم رہیں گے۔ڈاکٹر امجد طفیل نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی وفات کا دکھ سرحد پار بھی محسوس کیا گیا ہے۔ائیروائس مارشل(ر) ساجد حبیب نے کہا کہ ان کا وارث ڈرامہ ان کو صدیوں زندہ رکھنے کیلئے کافی ہے۔سابق ڈی آئی جی نوید الٰہی نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی زندگی ایک چراغ کی مانند تھی ہے اور رہے گی۔ معروف بزنس مین شیخ محمد سعید نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی باتیں یادیں ہمیشہ ان کی محبت کی یاد دلاتی رہیں گی۔ مرتضیٰ صدیقی نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی زندگی ہمیں درس انسانیت کا سبق دیتی ہے۔منصور آفاق نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی ذات پر 4پی ایچ ڈی ہورہی ہیں ، باقی مقررین میں نعیم ثاقب ، سید علی بخاری ، ڈاکٹر ضیاء الحسن، زاہد حسن ، ضیاء اللہ اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد ، انور خان اوردیگر شامل تھے۔ پروگرام کے آخر میں امجد اسلام امجد ،معروف صحافی یامین صدیقی اور دیگر فوت شدگان کے ایصال ثواب کیلئے پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے دعائے مغفرت بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن