کسان "قیمت پنجاب" ایپ کے استعمال سے مستفید ہوں: بلال افضل
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران صوبائی وزیر برائے مواصلات، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب بلال افضل نے پی آئی ٹی بی کو "قیمت پنجاب" ایپ میں زرعی کھادیں بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ "قیمت پنجاب" ایپ کے ذریعے اشیائے خورونوش، سبزیوں، پھلوں اور پولٹری کے ساتھ ساتھ اب سے کھادوں کی قیمتوں اور دستیابی کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ نگران وزیر بلال افضل نے کہا کہ عوام "قیمت پنجاب" ایپ کے ذریعے اشیاء کے مقرر کردہ نرخوں اور دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ بلال افضل نے کہا کہ کسان بھی اب "قیمت پنجاب" ایپ کے استعمال سے مستفید ہوں، اور حکومت کو اپنی شکایات باآسانی پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر بلال افضل نے نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ارفع کریم ٹاور میں "قیمت پنجاب" ایپ کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پر بلال افضل نے مزید کہا کہ عوام "قیمت پنجاب" ایپ کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے حکومت کی معاونت کرے۔ عوامی شکایات کی روشنی میں حکومت اور انتظامیہ فوری ایکشن لے گی۔