قومی ٹیم کی کیپ ملنے کیلئے پرامید ہوں: احسان اللہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ملتان سلطانز کے فاسٹ بایولر احسان اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے قبل میں نے بہت محنت کی ہے، پاکستان کپ کے بعد صرف ایک دن کیلئے گھر گیا تھا، میں نے 10 روز اپنی پاک لائن اکیڈمی اور این ایچ پی سی میں بہت محنت کی ہے۔ مجھے محنت کا فائدہ ہوا ہے اور اب میں پی ایس ایل کا ٹاپ بائولر ہوں، میں محنت کر رہا ہوں مجھے پاکستان کی کیپ ملنے کی امید ہے۔ میں سوات کے علاقے مٹہ کا رہنے والا ہوں، ساری کرکٹ وہیں پر کھیلی، پھر مردان میں ٹرائلز دیئے، شروع میں جب منتخب نہ ہوا، تو مایوس نہ ہوا، اپنی محنت جاری رکھی اور سلیکشن میں کامیاب ہوا۔ پی ایس ایل سے قبل مجھے توقع تھی کہ میں اچھی پرفارمنس دوں گا، میرا ٹارگٹ یہی ہے کہ مجھے پی ایس ایل کا ٹاپ بائولر بننا ہے اور ملتان سلطانز کو چیمپئن بنانا ہے، ہم ضرور ٹرافی جیتیں گے۔ بابراعظم بین الاقوامی کے ٹاپ بیٹر ہیں انہیں آؤٹ کر کے خوشی ہوتی ہے، اب تک میری فیورٹ وکٹیں بابراعظم اور جیسن رائے کی وکٹیں ہیں۔ وقار یونس میرے فیورٹ بائولر ہیں، انہوں نے میرے ساتھ بہت کام کیا ہے، انہوں نے میرا رن اپ اور کلائی کی پوزیشن کو درست کیا۔