آغاز ضمانت سے ، جیل بھرو تحریک ملک کیخلاف ساز ش
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کو جیل بچو تحریک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریکیں ضمانتوں سے شروع نہیں ہوتیں۔ انہیں اپنے خلاف چارج شیٹ کا جواب دینا پڑے گا۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نالائقوں، نااہلوں، ملک کے خلاف سازش کرنے والوں اور فارن فنڈنگ میں ملوث ٹولے نے چار سال وفاق اور دس سال خیبر پختونخوا میں تباہی مچائی۔ عمران خان نے وزارت عظمی کے منصب پر بیٹھ کر ریاستی طاقت کا استعمال کر کے اپنی جیبیں بھریں۔ اس ٹولے نے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔ اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن)کی قیادت کو انہوں نے سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا، جب کرپشن نہ ملی تو انہوں نے ہیروئن کے کیسز بنا دیئے۔ عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، خارجہ پالیسی تباہ کی، کشمیر کا سودا کیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، ملک کا کوئی ایسا شعبہ نہیں جہاں انہوں نے تباہی نہ مچائی ہو، آج پاکستان کے عوام ان کی پھیلائی ہوئی تباہی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ ان کی کہانی سائفر کی سازش، بیرونی سازش اور امپورٹڈ حکومت کے تماشے سے شروع ہوئی۔ کبھی اسلام آباد لانگ مارچ کیا، کبھی خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ شروع کر کے پولیس والوں کے سر پھاڑے۔ عمران خان نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا تھا، اس معاہدے پر عمران خان کے دستخط تھے، ہم ہر روز اس تکلیف سے گذرتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو عمران خان کی پھیلائی گئی چار سال کی معاشی تباہی اور مہنگائی کے طوفان سے کیسے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس وقت بھی حالات بہتر ہوتے ہیں تو یہ ایک نئے تماشے کا اعلان کر دیتا ہے۔ ان کے خلاف جس وقت تحریک عدم اعتماد آئی، اس وقت اس نے سائفر کے ساتھ کھیلنے کا اعلان کیا۔ جس وقت بھی ملکی معیشت درست ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے یہ شخص تماشا شروع کر دیتا ہے۔ ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں، ہر روز یہ خود اپنے بیانیہ کو دفن کرتے ہیں۔