• news

بلاول ہنگری پہنچ گئے‘ تعاون کی یادداشتوں پر دستخط‘ کانفرنس سے خطاب کریں گے


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ دورے پر ہنگری پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہنگری میں پاکستان کے سفیر آصف حسین میمن اور ہنگری کے اعلی حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورے کے دوران اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ہنگری کے وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہنگری کے سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ہنگری کی کمپنی ایم او ایل کے چئیرمین زولٹ ہرناڈی کی ملاقات۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایم او ایل کے چئیرمین نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں کمپنی کے آپریشنز کے بارے میں بریف کیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایم او ایل کی کارکردگی کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن