کراچی بلدیاتی الیکشن، پریزائیڈنگ افسروں کی پولنگ ایجنٹس کے نتائج کی تصدیق سے معذرت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن میں کراچی بلدیاتی الیکشن کیس کی سماعت میں اس وقت ڈرامائی صورت حال پیدا ہوئی جب پریزائیڈنگ افسروں نے پولنگ ایجنٹس کے پاس موجود نتائج کی تصدیق سے معذرت کر لی۔ کیس کی سماعت کے دوران پریزائیڈنگ افسران نے کہا کہ اصل نتائج وہی ہیں جو ریٹرننگ افسروں کو دیے ہیں اور اصل کاپی اپنے پاس نہیں رکھی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پریزائیڈنگ افسروں کے جواب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران دیکھ بھال کر اور سوچ سمجھ کر جواب دیں، جھوٹ بولنے پر نوکری بھی جا سکتی ہے اور جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی الیکشن کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔