• news

امریکی سفیر سے تعلقات بڑھانے پر اتفاق : چین نے 700ملین ڈالر فنا نسنگ کی منظوری دیدی: اسحاق ڈار


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی استحکام کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ مالی و نظم کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کے مزید فروغ کے خواہشمند ہیں۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ معیشت اور تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے فکر مند ہے۔ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو پاکستان کی قومی اور بین الاقومی مالیاتی ذمہ داریوں پر بھی بریفنگ دی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ ڈونلڈ بلوم نے معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کیلئے حکومتی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چائنا ڈویلپمنٹ بنک نے پاکستان کیلئے 700 ملین ڈالرز فنانسنگ کی منظوری دے دی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹویٹ میں کہا کہ چائنا ڈویلپمنٹ بنک کی جانب سے پاکستان کو 700 ملین ڈالر فراہم کرنے کیلئے معمول کی تمام کارروائی مکمل ہو گئی ہے۔ چین سے رواں ہفتے رقم ملنے کی امید ہے۔ سٹیٹ بنک کو 700 ملین ڈالر رواں ہفتے ملنے کی امید ہے۔ جس کے بعد بنک کے زر مبادلہ کے ذخائر  میں اضافہ ہو جائے گا۔ دوسری طرف  وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں صدر کی جانب سے فنانس بل میں تاخیر نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ حکومت نے فنانس سپلیمنٹری بل 2023ء وزیراعظم کے مشورے کے ساتھ صدارتی منظوری کے لیے ایوان صدر کو بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر کو آئی ایم ایف سے معاہدے کے تناظر میں قانون کے نفاذ کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن