لاہور ہائیکورٹ: چیئرمین نیب، ڈی جیز کی پی اے سی میں طلبی پر حکم امتناع کی استدعا مسترد
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی کے خلاف چئیرمین نیب، ڈی جیز اور انویسٹیگیشن ونگ سربراہ کی پی اے سی طلبی پر حکم امتناع کی استدعا مستردکرتے ہوئے پی اے سی دائرہ اختیار کے خلاف نئی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور تمام متعلقہ درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کر دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ اور پراسیکیوٹر محمد رافع عدالت پیش ہوئے، جہانزیب بھروانہ نے کہاکہ پی اے سی نے 23فروری کو نیب حکام کو طلب کیا ہے۔ چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل، نیب کے پی سے موجودہ، سابقہ تمام ڈی جیز کو طلب کیا گیا، پی اے سی کا نوٹس دائرہ اختیار سے تجاوز اور رْولز کی خلاف ورزی ہے۔ ہم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا دائرہ اختیار چیلنج کیا ہے۔ متعلقہ ڈی جی بھلے پی اے سی جائیں مگر سب کو کیوں بلایا گیا؟، کل طلبی کیلئے جاری پی اے سی کے نوٹس معطل کیے جائیں۔ کمیٹی کو نیب کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 8 مارچ تک ملتوی کر دی۔