• news

پیراگون ریفرنس میں سپلیمنٹری چالان کیلئے مہلت‘ کارکنوں کا جیل جانا اچھا نہیں: سعد رفیق


 لاہور (خبرنگار) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کیس میں تفتیشی افسر کو شریک ندیم ضیاء سمیت دیگر ملزمان کا سپلیمنٹری چالان جمع کرانے کی 22 فروری تک مہلت دے دی۔ عدالت نے کیس کی سماعت سات مارچ تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج قمر الزماں نے پیرا گون ریفرنس پر سماعت کی۔ بدھ کے روز سماعت پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق ایم پی اے سلمان رفیق نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ دوران سماعت نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے استعفیٰ دے دیا ہے اس لیے آج رپورٹ پیش نہیں کر سکتے۔ پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ذاتی طورپر سیاسی کارکنوں کے جیل جانے کو اچھا نہیں سمجھتا۔ عمران ساتھیوں کو جیل بھجوا رہے۔ میرے بس میں ہوتا تو کسی کو گرفتار نہ کرتا۔ خود ہی تھک ہار کر واپس چلے جاتے۔ جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کیا حکمت عملی ہے‘ میں نہیں جانتا۔ نگران حکومت بہتر جانتی ہے۔ کسی کو غلط پکڑنے کی حمایت نہیں کریں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف والوں کو پرویز الٰہی مبارک ہوں۔ عمران خان اور پرویزالٰہی دونوں ایک جیسے اکٹھے ہوگئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن