پی ایس ایل ‘ ٹریفک‘سکیورٹی انتظامات مکمل ‘6 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی دینگے
لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پاکستان سپر لیگ8 کے 9 میچز کیلئے ٹریفک کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 12 ڈی ایس پیز، 50 انسپکٹرز اور مجموعی طور پرایک ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار روٹ ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔غلط پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز، 3 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہیں، سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ شائقین گورنمنٹ کالج گلبرگ، لبرٹی پارکنگ اور ایل ڈی اے پلازہ میں گاڑیاں پارک کرسکیں گے، ٹیموں کی آمد و روانگی پر روڈز کو کم سے کم وقت کیلئے بند کیا جائیگا۔لاہور پولیس نے پی ایس ایل میچزکا سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیاہے۔ ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثرنے بتایا کہ سکیورٹی پلان کے مطابق11ایس پیز،34ڈی ایس پیز،94انسپکٹرز،443اَپر سب آرڈینیٹس سمیت 5ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ایلیٹ فورس کی 43، ڈولفن سکواڈ کی 107اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 58ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی۔افضال احمد کوثر نے کہا کہ شائقین کو4درجاتی حصار سے گزرنے کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔خواتین شائقین کی تلاشی کیلئے 162لیڈی اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔کھلاڑیوں کی لاہور آمد اور میچز کے دوران سٹیڈیم کے گردو نواح سمیت مختلف مقاما ت پر ناکہ جات لگائے جائیں گے۔نجی ہوٹل کے اطراف، ٹیموں کے روٹ اور قذافی سٹیڈیم کے گردونواح پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائیگی۔