• news

حالیہ منی بجٹ6فیصد مہنگائی کا سبب بنے گا:پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن


لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حالیہ منی بجٹ6فیصد مہنگائی کا سبب بنے گا۔ملک میں دو تہائی بلیک منی ہے جسے دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے ایمنسٹی سکیمیں لائی جانی چاہئیں۔ غیر آباد زمینوںکو کسانوں کو آسان شرائط پر دیا جائے تاکہ خوراک کا درآمدی بل کم ہو سکے۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین اورجنرل سیکرٹری قمرالزمان چودھری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس وقت بہت سے ایسے ادارے ہیں جو بلیک ہول ثابت ہو رہے ہیں۔ خسارے میں چلنے والے ایسے اداروں کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے چلایا جائے۔ دوسری صورت میں حکومت ملکیت اپنے پاس رکھے اور باقی تمام نظام کی نجکاری کرے۔ ٹیکس عوام سے اکٹھے کئے جاتے ہیں اور ان کا استعمال قرضے اتارنے پر ہو جاتا ہے۔ معاہدے کے تحت عوام سے ٹیکس کے عوض انہیں سہولیات دی جانی ہیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ حکومت جب تک معیشت کو دستاویزی نہیں بنائے گی یہ مسائل کی جڑ کو نہیں پکڑ سکتی۔
 پہلے مرحلے میں بلیک منی کو وائٹ کرنے اور معیشت کو دستاویزی بنانے کی غرض سے ایمنسٹی سکیمیں لائی جائیں اور دوسرے مرحلے میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سخت فیصلے کئے جائیں اور کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ ان اقدامات میں سیاسی اثر و رسوخ کو آڑے نہ آنے دیا جائے بصورت دیگر ساری مشق بیکار چلی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن