آئی جی کا دوہ سنٹرل جیل ساہیوال ‘قیدیوں کے مسائل حل کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں نے سنٹرل جیل ساہیوال کا اچانک دورہ کیا ہے۔اسیران سے تفصیلی گفتگو کی اور انھیں درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات نے قیدی بارکس میں اسیران کو دئیے گئے کھانے کو خود کھا کر اسکا معیار چیک کیا اور جیل افسران کو کھلا کر اسکا معیار بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔بطور کچن انچارج ڈیوٹی پر مامور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر عملے کیخلاف موقع پر موجود ڈی آئی جی ساہیوال ریجن کو فوری انکوائری کر کے ضابطے کی کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔بیمار اسیران کیلئے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی زیر نگرانی میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ضرورت پڑنے پر بیمار اسیران کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شفٹ کیا جائے۔تمام جیل افسران و ملازمین کو باور کرایا ہے کہ تمام سفید باریش اسیران انکے اپنے ہیں لہذا انکا خاص خیال رکھا جائے۔ایسے عمر رسیدہ اسیران جن کی ملاقات کیلئے کوئی نہیں آتا ، انھیں ٹیلیفون کی سہولت مفت فراہم کا حکم دیا ہے۔نادار اسیران کے پریزن اکاؤنٹ میں اپنی جیب سے رقم جمع کروائی ہے۔قیدی بارکس کی اندرونی حالت بہتر بنانے اور روشنی کے مناسب انتظام کیساتھ ساتھ قیدی بارکس میں بڑے سائز کی LCD/LED نصب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔اسیران کو قانون کے مطابق تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔اندرون جیل تعمیرات پر کام کرنے والے مزدوروں کی اپنی جیب سے مالی امداد کی اور ان میں کھانا تقسیم کروایا ہے۔ تمام سپرنٹنڈنٹ جیل کو حکم دیا کہ وہ اپنے روزانہ اندرون جیل دورے کو فعال بنائیں ، اسیران کی جیل سے متعلقہ شکایات اور مسائل کو سن کر موقع پر انکی دادرسی کریں۔