پی ایس ایل کا سنسنی خیز مقابلہ ، رضوان کی سنچری ، سلطانز نے کنگز کو شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ہرادیا۔ملتان کے 197 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 5 وکٹوں پر 193 رنز بناسکی اور اسے 3 رنز سے شکست ہوئی۔ملتان میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانزکے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا ۔ کپتان محمد رضوان 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود نے 51 اور ریلی روسو نے 29 رنز بنائے۔ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ محمد عمر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ لی۔ملتان کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز شاندار رہا، پہلی وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور میتھیو ویڈ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جیمز ونس 75 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔حیدر علی 12 رنز اور شعیب ملک 13 بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان عماد وسیم اور بین کٹنگ نے مزاحمت کی لیکن بین کٹنگ بھی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کنگز کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے لیکن کراچی کی ٹیم5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا سکی اور یوں اسے 3 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔عماد وسیم 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عباس آفریدی نے 2، اسامہ میر اور خوشدل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ملتان سلطانز رواں سیزن میں 5 میچ کھیلے ہیں اور صرف ایک میں شکست ہوئی ہے۔ کراچی کنگز بھی 5 میچز کھیل چکی ‘ 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔