توہین عدالت درخواست‘ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کا جواب مسترد کر دیا
لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پنجاب اسمبلی کاانتخابی شیڈول جاری نہ کرنے پرچیف الیکشن کمشنر اور گورنر پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرالیکشن کمشن کا جواب مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمشن کو تفصیلی جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا ہے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ اس درخواست کا از خود نوٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ الیکشن کمشن نے انتخابات سے معذرت کر لی ہے۔ الیکشن کمشن کا عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنا توہین عدالت ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی بجائے وقت گزاری کی جا رہی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالتی حکم نظرانداز کرنے پر عدالت الیکشن کمشن اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔