پنجاب‘ خیبر پی کے‘ اسلام آباد و نواحی علاقوں میں 6.8 شدت کا زلزلہ
اسلام آباد‘ دوشنبے (خبر نگار+آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردو نواح ایبٹ آباد‘ مالاکنڈ‘ پنجاب کے کئی شہروں‘ خیبر پی کے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر سکیل پر شدت6 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان کا بارڈر تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی60 کلومیٹر تھی۔ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاجکستان کے مشرقی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت6.8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی گہرائی تقریبا 20کلو میٹر تھی۔ رپورٹس کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس کے علاوہ چینی میڈیا کا کہنا تھا کہ چین کے سنکیانگ ریجن اور تاجکستان کی سرحد کے قریب7.3شدت کا زلزلہ آیا۔ ازبکستان‘ چین‘ بھارت‘ افغانستان اور کرغیزستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔