• news

کیچ ، لکی مروت: فورسز پر حملہ ، جھڑپ ، آپریشن : ٹی ٹی پی کے 6دہشت گردوں سمیت 14ہلاک 


لکی مروت‘ اسلام آباد (این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ‘خبرنگارخصوصی) ضلع لکی مروت میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان کے 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف بم حملوں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کی تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد چوکی عباسیہ پر حملے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دستی بم بھی ملے۔ شناخت ضیاء اللہ عرف کوچی ‘محیب اور کلیم اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ باقی ہلاک 2 دہشت گردوں کی شناخت کی جارہی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد پولیس پر حملوں اور دہشت گردی کے واقعات میں لکی مروت پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب تھے، جو کالعدم ٹی ٹی پی کے سر گرم ارکان تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیچ میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کر دیا۔ سکیورٹی فورسز نے بغیر کسی جانی نقصان کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ 22 فروری کی شام کو کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن