وزیر تجارت کی امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور سے ملاقات
اسلام آباد(خصوصٰ نا مہ نگار)وزیر تجارت سید نوید قمر نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور دلاور سید سے پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے ذرائع اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان الزبتھ ہورسٹ، برائن جے میک گراتھ اور جیف روبنسٹین امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور کے ہمراہ تھے۔ سفیر پاکستان مسعود خان، سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ اسد گیلانی اور پاکستانی سفارتخانے میں متعین ٹریڈ منسٹر عظمت محمود نے وزیر تجارت کی معاونت کی۔وزیر تجارت سید نوید قمر پاک امریکہ تجارتی سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کر رہے ہیں۔ اجلاس آج منعقد ہوگا۔ ٹیفا کا آخری وزارتی اجلاس 2016 میں اسلام آباد میں ہوا تھا۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور سے ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تجارت، پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، ملک میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے کاروباری آپریشن اور امریکہ کے لئے پاکستان کی برآمدات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔