جیل بھرو تحریک‘ پولیس وین کو نقصان پہنچانے پر عباد کا ریمانڈ‘ زبیر نیازی نے ضمانت کرا لی
لاہور (خبر نگار+نامہ نگار) پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے دوران پولیس وین کو نقصان پہنچانے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن میاں عباد فاروق کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسپکٹر سید اسرار احمد شاہ نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زبیر خان نیازی نے گرفتاری کے خوف سے عبوری ضمانت کروا لی۔ انسداد دہشت گردی لاہور نے زبیر خان نیازی کی ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی اور 2 مارچ تک پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ قبل ازیں تھانہ سول لائنز لاہور پولیس نے پی ٹی آئی جیل بھرو تحریک کے دوران پولیس پر حملے اور سرکاری گاڑیوں کی توڑپھوڑ پر پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی‘ میاں عباد فاروق اور ان کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ تھانہ سول لائنز میں سب انسپکٹر افضل ورک کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں دہشت گردی‘ جلائو گھیرائو‘ سرکاری املاک کے نقصان اور بلوہ کرنے کی دفعات شامل کی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق زبیر نیازی ساتھیوں کے ہمراہ گرفتاری دیتے ہوئے پولیس موبائل میں بیٹھا جبکہ میاں عباد فاروق اور اس کے ساتھیوں نے پولیس موبائل وین اور پولیس اہلکاروں پر اینٹوں‘ ڈنڈوں اور ٹھڈوں سے حملہ کیا تھا۔