سینٹ الیکشن میں مبینہ رشوت ، فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت
اسلام آباد(وقائع نگار)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امید علی بلوچ کی عدالت میں زیر سماعت سینیٹ الیکشن میں مبینہ رشوت دینے پر علی حیدر گیلانی اوردیگر کیخلاف فوجداری کارروائی سے متعلق درخواست میں فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور ملزمان علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور جمیل کے وکلاء عدالت پیش ہوئے جبکہ نامزد ملزمان علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور جمیل عدالت پیش نہ ہوئے، عدالت نے ملزمان علی حیدر گیلانی، فہیم خان اورجمیل کی طرف سے دائرحاضری سے استثنی کی درخواستیں منظور کر لیں،معاون وکیل نے جمیل احمد کے کونسل کی سپریم کورٹ میں مصروف ہونے کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعاکی، الیکشن کمیشن وکیل نے کہاکہ آج کیس میں تمام فریقین نے حتمی دلائل دینے تھے،عدالت کے جج نے کہاکہ یا تو تمام فریقین آج ایک ساتھ دلائل دیں یا اگلی تاریخ دیکھ لیں،فریقین کے ایک ساتھ دلائل سنے جائیں گے تاکہ اس سے اگلی سماعت پر فیصلہ سنایا جاسکے،عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے فریقین کی رضامندی سے سماعت 2 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔