• news

محمد خان بھٹی کو لاپتہ ہوئے 17 روز گزر گئے‘ عدلیہ بازیابی کیلئے پٹیشن جلد سنے: ساجد بھٹی


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق ایم پی اے ساجد احمد خان بھٹی نے کہا ہے کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو لاپتہ ہوئے سترہ دن ہو گئے۔ عدلیہ سے اپیل ہے کہ ان کی بازیابی کیلئے ہماری پٹیشن کو جلد سنا جائے۔ خدشہ ہے کہ ان پر دباﺅ ڈال کر انہیں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر مجبور کیا جائے۔ وہ وکلاءکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پٹیشن میں ہم نے ایف آئی اے‘ نیب سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں کو فریق بنایا‘ لیکن کسی بھی ادارے نے محمد خان بھٹی کی اپنی تحویل میں ہونے کا ابھی تک اعتراف نہیں کیا۔ ہماری عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہماری پٹیشن کو جلد از جلد سنا جائے اور محمد خان بھٹی کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔ ساجد بھٹی نے مزید کہا کہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی پر اگر کوئی الزام ہے تو سامنے لایا جائے۔ ساجد احمد خان بھٹی نے اعلان کیا کہ ہم محمد خان بھٹی کی بازیابی کیلئے احتجاج کریں گے۔ اس ضمن میں مختلف بار ایسوسی ایشنز پہلے ہی سراپا احتجاج ہیں۔ پیر کے روز منڈی بہاﺅالدین میں ہم احتجاج کریں گے۔
ساجد بھٹی

ای پیپر-دی نیشن